مسلمان اسرائیل کیخلاف معاشی جنگ کا حصہ بنیں : مولانا جاوید مصباحی عزیز اللّٰہ سرمست

گلبرگہ 29 مارچ : مولانا جاوید اختر مصباحی مہتمم دارالعلوم رضائے مصطفی گلبرگہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں گناہوں سے معافی طلب کرنے میں کثرت کرنی چاہیئے وہ کل شام قبل از افطار معروف سماجی و ملی جہدکار محمد معراج الدین کی رہائش گاہ متصل جامع مسجد کمال مجرد یداللہ کالونی گلبرگہ میں ادبا و شعرا دانشوران فنکاران وکلا اور مختلف تنظیموں کے ذمہ داران سے خطاب کررہے تھے محمد معراج الدین نے حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز کے پیرومرشد حضرت خواجہ پیر نصیر الدین محمود چراغ دہلوی کے عرس شریف کے موقع پر دعوت افطار و طعام کا اہتمام کیا تھا افطار سے قبل جلسہ فضیلت رمضان المبارک کا انعقاد عمل میں آیا مولانا جاوید اختر مصباحی نے جلسے کے شرکاء سے نہایت اصلاحی اور فکر انگیز خطاب کیا انہوں نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ موجودہ زمانے میں مسلمانوں میں اپنے گناہوں پر نادم ہونے اور استغفار کرنے کی روش نہیں پائی جاتی مولانا جاوید مصباحی نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے فیوض و برکات کا حصول اسی وقت ممکن ہے جب ہماری عبادتوں میں اخلاص اور تقویٰ پیدا ہو مولانا جاوید اختر مصباحی نے جنگ بدر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بدری صحابہ ایمان کے اعلیٰ ترین درجے پر فائز تھے انہوں نے غزہ کے مسلمانوں کی ثابت قدمی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مسلمان اسرائیل کے وحشیانہ و جابرانہ مظالم اور بمباری کے جواب میں
ایثار و قربانی صبر و استقامت شجاعت اور ایمان کی کیفیت کا جو غیر معمولی مظاہرہ کررہے ہیں اس سے جنگ بدر کی یادیں تازہ ہوگئیں سینئر صحافی عزیز اللّٰہ سرمست صدر حضرت صوفی سرمست اسلامک اسٹڈی سرکل گلبرگہ نے کہا کہ جنگ بدر کفار مکہ کی معاشی ناکہ بندی کیلئے لڑی گئی جبکہ جنگ خیبر میں حضور اکرم نے کھجوروں کے درختوں کی کٹائی کے ذریعے یہودیوں کی معاشی ناکہ بندی فرمائی تھی عزیز اللّٰہ سرمست نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے اسرائیل کیخلاف معاشی جنگ کا حصہ بننا چاہیئے ڈاکٹر پیر زادہ فہیم الدین صدر انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ نے جلسے کی صدارت کی انہوں نے صدارتی تقریر میں افطار سے قبل فلسطینی مسلمانوں کے حق میں دعا کرنے کی تمام شرکاء سے اپیل کی مولانا محمد نوح ریاستی جنرل سیکریٹری انڈین یونین مسلم لیگ کرناٹک عبد الجبار گولہ ایڈوکیٹ صدر کرناٹک مسلم پولٹیکل فورم گلبرگہ ضلع نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جلسے کی کارروائی کا آغاز محمد فرید الدین فرزند محمد معراج الدین کی قرات کلام پاک سے ہوا معروف نعت خواں محمد مظہر احمد گرمٹکالی نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا محمد معراج الدین نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افطار کی دعوتوں کو گلپوشی شالپوشی اور نام و نمود کا ذریعہ بنانے کے بجائے علما کے مختصر اصلاحی خطابات کا اہتمام کرتے ہوئے بامقصد بنایا جاسکتا ہے اسی فکر کو عام کرنے کیلئے انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر قبل از افطار مختصر جلسہ فضیلت رمضان کا انعقاد کیا خواجہ پاشاہ انعامدار ڈاکٹر رحمٰن پٹیل محمد ایاز الدین پٹیل مبین ریاض جواد میر صحافی مولوی محمد خواجہ گیسو دراز آصف علی کنونیر فلاح ریسرچ فاؤنڈیشن گلبرگہ سجاد حسین نیا محلہ خواجہ صدر الدین پٹیل کے علاوہ کئی ایک معززین نے جلسہ افطار و طعام میں شرکت کی افطار سے قبل فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اجتماعی دعا کی گئی محمد فہیم الدین فرزند محمد معراج الدین نے اپنے برادران کے ہمراہ حسن انتظامات میں حصہ لیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *