رانچی؛ انڈین یونین مسلم لیگ(آئی یو ایم ایل) جھارکھنڈ پردیش کمیٹی کے ریاستی صدر اشرف حسین نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ہماری پارٹی انڈین یونین مسلم لیگ جھارکھنڈ پردیش کمیٹی لوک سبھا کی کل 14 نشستوں کے لیے اپنا کوئی امیدوار نہیں اتار رہی ہے۔ جھارکھنڈ ریاستی کمیٹی اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ ہماری پارٹی قومی سطح پر انڈیا اتحاد(I.N.D.I.A ALLIANCE) کے ساتھ ہے، ہماری پارٹی کے کارکن بھی اس لوک سبھا الیکشن میں ریاست جھارکھنڈ کے 14 لوک سبھا حلقوں میں اتحاد کے تمام امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ ان کی جیت ہوسکے اور مرکز میں سیکولر حکومت قائم ہو۔ پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری شان الحق نے کہا کہ ہماری پارٹی کا ایک وفد جلد ہی ریاست جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد میں شامل جے ایم ایم اور کانگریس کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا اور انہیں اپنی حمایت کا خط پیش کرے گا۔ یہ جانکاری انڈین یونین مسلم لیگ جھارکھنڈ کے ریاستی نائب صدر اور ریاستی ترجمان محمد شہاب الدین نے دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *